بنٹوال14؍اکتوبر (ایس او نیوز)سرکاری فلاحی اسکیم 'آشا'کی کارکن نے زندگی کی مصیبتوں سے ہونے والی نراشا کی وجہ سے خود کشی کرلی۔اپنے ہی ڈوپٹے سے گھر کے عقب میں واقع پولٹری فارم میں پھانسی کا پھندہ لگا کر جان دینے والی خاتون کا نام لیلا وتی عرف ریکھا (۳۶سال) بتایا جاتا ہے۔
کہتے ہیں کہ جب اس کے دونوں بچے اپنی نانی کے گھر گئے ہوئے تھے اور شوہر مزدوری کے لئے باہر تھا، تب اس نے یہ انتہائی اقدام کیا۔آشا اسکیم کی کارکن کے طور پر وہ کچھ زیادہ وقت اور محنت لگارہی تھی، جس پر اس کا شوہر اعتراض کیا کرتا تھا۔ یہ بات اس نے اپنے والد کو معلوم کروائی تھی۔اس کے علاوہ اس کے گردے میں پتھری آجانے سے بھی وہ بہت پریشان تھی۔مانا جاتا ہے کہ اسی الجھن اور نراشا کے بیچ اس نے اپنی زندگی ہی ختم کر ڈالی۔ پولیس جب تحقیقات کے لئے پہنچی تواسے ریکھا کی ایک تحریر ملی جس میں اس نے خود کشی کے لئے اپنے آپ کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔مہلوک خاتون کے والد کی شکایت پر پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔